کراچی (نمائندہ جسارت )سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل 2 ر کنی بینچ نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق دائر درخواست پروفاقی حکومتسے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہو ئے سماعت 10 جون تک ملتوی کردی، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہر پیش رفت رپورٹ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو آگاہ ر کھنے کی بھی ہدایت کی ۔ اس موقع پر فوزیہ صدیقی نے کہا وفاقی حکومت نے عافیہ صدیقی سے متعلق غیر متعلقہ فورم پر رابطہ کیا ہے، اور وفاقی حکومت کہہ رہی ہے کہ عافیہ صدیقی خود بات نہیں کرنا چاہتیں، میں یہ کہتی ہوں کہ کیا ایک ماں اپنے اولاد کے ساتھ بات نہیں کرے گی، حکومت نے ہماری محنت پر پانی پھیر دیا ہے، ہم کروڑوں روپے امریکا میں وکلا کو ادا کرتے ہیں، وفاقی حکومت جو کچھ بھی کر رہی ہے کم سے کم ہمیں اطلاع دے، اور غلط فورم پر رابطہ کرنے سے وفاقی حکومت کی درخواست غیر موثر ہوگئی ہے، ڈپٹی اٹارنی جنر ل نے مزید بتا یا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کونسل جنرل آف پاکستان کا اجلاس نہیں ہو سکا، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ صدیقی جس جیل میں ہے وہاں 600 قیدی کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرچکے ہیں، عافیہ صدیقی کی جان کو خطرہ ہے، حکومت کچھ نہیں کررہی ۔