بلاول کی جانب سے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کو طبی حفاظتی سامان فراہم

150

اسلام آباد/ پشاور (اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی طرف سے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کیلیے میڈیکل کٹس اور ضروری حفاظتی و طبی سامان فراہم کیا گیا ہے۔ پی پی پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے صوبہ خیبر پختونخوا کی تنظیم سے مل کر طبی اور حفاظتی سامان لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا۔ نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی دعوؤں نہیں عملی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کی طرف سے طبی و حفاظتی سامان کی فراہمی کا مقصد مشکل حالات میں عوام کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمت ہے۔ پیپلز پارٹی اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں محفوظ بنانے والے ڈاکٹرز اور اسٹاف کو سلام پیش کرتی ہے اور قوم کورونا وبا کے خلاف اگلے محاذوں پر موجود ڈاکٹرز اور اسٹاف کی صحت و سلامتی کیلیے دعا گو ہے۔ نیئر بخاری نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ اور عملے کے دن رات خدمت کے جذبے کوسراہا، اسپتال انتظامیہ نے طبی و حفاظتی سامان کی فراہمی پر پیپلز پارٹی اور بلاول زرداری کا شکریہ ادا کیا۔