اسمارٹ لاک ڈاؤن موجود، ٹیسٹنگ کی صلاحیت دگنی ہوگئی ،اسد عمر

225

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو جمعرات کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت پورے ملک میں 631 اسمارٹ لاک ڈاؤن موجود ہیں، ٹیسٹ، ٹریک اور کوارنٹین (ٹی ٹی کیو) حکمت عملی کے آغاز کے بعد سے اب تک ٹیسٹنگ کی صلاحیت دوگنی ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیاتی اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی میں اجلاس ہوا جس میں عیدالفطر کی ایس او پی، کورونا وائرس کی صورتحال، ٹی ٹی کیو اپڈیٹ اور مواصلات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ائدروس نے فیصلہ تعاون نظام سے متعلق فورم کو بریفنگ دی۔ ڈاکٹر رانا صفدر نے بتایا کہ کورونا کے 22 فیصد مریض زیر علاج ہیں جبکہ 31 فیصد مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ انتخابی ووٹوں کے اعداد و شمار مستند ہیں جو فیصلہ تعاون نظام کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ فورم نے وزارت داخلہ، ریلوے، تجارت، قومی سلامتی ڈویژن اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ان کے فوری رد عمل اور فعال کردار کی تعریف کی۔