پاکستان اور اردن کے علاوہ کسی مسلم ملک نے فلسطین کیلیے آواز نہیں اٹھائی، شیریں مزاری

224

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم اکھٹے ہو کر فلسطین کے لیے آواز بلند کریں، پاکستان اور اردن کے علاوہ کسی مسلمان ملک نے فلسطین کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔ بدھ کو حمایت مظلومین فلسطین کانفرنس سے وڈیو خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ مسلم امہ رمضان کا آخری جمعہ القدس کے طور پر مناتی ہے اور رواں برس بھی یوم القدس کے موقع پر فلسطینوں کے حقوق کے لیے بھرپورآواز بلند کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی کئی سالوں سے ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں ہمیں ان کے لیے ہر پلیٹ فارم پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔شیریں مزاری نے کہا کہ ٹرمپ نے فلسطین کا مستقبل ایک ہی دفعہ ختم کرنے کا پلان بنایا ہے اور ٹرمپ پلان کے مطابق اسرائیل پورے فلسطین پر حکومت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سائوتھ افریقا میں سیاہ فام کے ساتھ جو ہوا اب وہی فلسطینیوں کے ساتھ ہو رہا ہے ،ہماری مسلم امہ کی لیڈر شپ کو فلسطین اور کشمیر کے لیے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔