مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے معطلی کے فیصلے کو چیلنج کر دیا

159

اسلام آباد،لاہور( آن لائن ) مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کرپشن الزامات پر اپنی معطلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔شیخ انصر عزیز نے 90 روز کی معطلی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست دائر کی۔ درخواست میں شیخ انصر عزیز کی معطلی نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ اتوار کے روز وزارت داخلہ نے کابینہ کی منظوری کے بعد شیخ انصر عزیز کی معطلی کا نوٹفکیشن جاری کیا تھا۔شیخ عنصرعزیز کیخلاف انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈا میں مبینہ کرپشن کا ریفرنس پیش کیاگیاتھا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزارت داخلہ کے نوٹیفیکیشن کو معطل کرکے مجھے عہدے پر بحال کیا جائے۔علاوہ ازیں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو معطل کرنے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع،قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔یہ ایوان میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو معطل کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔وفاقی کابینہ نے ماورا ئے قانون اقدام کیا ہے۔منتخب عوامی نمائندے کو وفاقی کابینہ کی جانب سے معطل کرنا اسلام آباد کے عوام کے ووٹوں کی توہین ہے۔اتوار کو چھٹی کے روز جعلی سمری کیلیے منتخب عوامی نمائندے کو معطل کیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ کا یہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ سپریم کورٹ وفاقی کابینہ کی جانب سے میئر اسلام آباد کو معطل کرنے کا از خود نوٹس لیں۔ماورا قانون اقدام کرنے والی پوری وفاقی کابینہ کو اس معاملے میں عدالت طلب کرے۔