کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور مراعات کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو31 اگست تک رقم ناظر سندھ ہائی کورٹ کے پاس جمع کرانے کا حکم دے دیا اور ریمارکس دیے کہ مقررہ وقت پر رقم ناظر کے پاس جمع نہ کرائی تو وفاقی حکومت کے تمام اکائونٹس منجمد کردیں گے۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں تحریر کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود 5 مارچ کے عدالتی حکم کی روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے رقم وصول ہوتے ہی ناظر ہائی کورٹ کو ملازمین میں تقسیم کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اسٹیل ملز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایسے ملازمین جنہوں نے واجبات کے لیے عدالت سے رجوع نہیں کیا ان کی لسٹ 15 روز میں فراہم کی جائے‘ بقیہ90 فیصدرقم مقررہ وقت تک ناظر کے پاس جمع نہ کرائی گئی تو وفاقی حکومت کے تمام اکائونٹس منجمد کردیں گے‘ عدالت میں جوائنٹ سیکرٹری وزارت خزانہ اور ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن نے یقین دہانی کرائی کہ رقم ناظر سندھ ہائی کورٹ کے پاس جمع کرادی جائے گی۔