لاہور/اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ امریکا سمیت کسی بھی ملک پر سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ان کے بقول غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور خاص طور پر سی پیک کے تحت بننے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔شاہ محمود قریشی نے یہ بات اتوار کو چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوںنے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے توانائی ، زراعت ، صحت ، تعلیم اور تعمیراتی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت کورونا وائرس وبا کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ایک جامع حکمت عملی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور تجارتی ڈپلومیسی کے تحت سفاتخانوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب منافع بخش کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے کے لیے مہم شروع کی جائے گی۔