اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ، بڑے میاں علاج کے بہانے لندن نکل گئے چھوٹے میاں کورونا کا نام لے کر زیرزمین چھپ گئے، رسیدیں نہ بڑے میاں کو ملیں نہ ہی چھوٹے میاں کو مل رہی ہیں- اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑے میاں نے سمدھی ساتھ ملا کر لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹے میاں بیٹے کے کلاس فیلوز اور ذاتی ملازمین کے ذریعے کرپشن کا پیسہ ٹھکانے لگاتے رہے، بڑے میاں نے آف شور کمپنیوں کا جال بچھایا، چھوٹے میاں نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے کام چلایا۔ مراد سعید نے کہا کہ بڑے میاں قطری خط کے ذریعے بچنے کی کوششیں کرتے رہے، چھوٹے میاں درباریوں کی پریس کانفرنسوں کے ذریعے کام نکالنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے میاں مرکزی حکومت میں بیٹھ کر چھوٹے میاں وزیراعلیٰ بن کر وارداتیں کرتے رہے، سارے حربے آزمانے کے بعد بڑے میاں کی جان چھوٹی نہ چھوٹے میاں کی چھوٹ پائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑے میاں کی طرح چھوٹے میاں کا سیاسی مستقبل بھی مکمل تاریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے میاں کی طرح چھوٹے میاں کو بھی مشورہ ملا کہ فکر نہ کریں لوگ بھول جائیں گے، تب بھی کہا تھا آج بھی کہہ رہے ہیں نہ لوگ بھولیں گے نہ ہم بھولنے دیں گے۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ چھوٹے میاں بڑے میاں کو بھی سمجھائیں اور قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کریں۔