لاڑکانہ ، 9افراد کی پراسرار ہلاکت کے بعد30افراد گھروں میں قرنطینہ

146

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں علی گوہر آباد کھچی محلہ میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کی پراسرار فوتگیوں کے بعد 30 افراد کوگھروں میں ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے جنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر ایس او پیز کے تحت متاثرین اور علاقہ مکینوں کی جانب سے آج سیپکو دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔اس حوالے سے علی گوہر آباد کے رہائشی عبدالحفیظ سامٹیو نے میڈیا کو بتایا کہ علاقے میں کورونا وائرس کے باعث 9 فوتگیاں ہوئیں ہیں جس کے باعث علاقے میں خوف اور دکھ کی فضا ہے جبکہ علاقے میں اس وقت کورونا وائرس کے 30 متاثرین اپنے گھروں میں قرنطینہ میں ہیں جنہوں نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ اگر بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو وہ ایس او پیز کے تحت سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور امپائر سب ڈویژن دفاتر کے باہر علاقہ مکینوں کے ہمراہ دھرنا دیں گے۔ دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے شبے میں 62 افراد کے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوادیے گئے تھے جن میں 2 افراد میں کورونا کی تصدق کی گئی ہے جبکہ متاثرین کا تعلق لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاڑکانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 278 ہوگئی ہے جن میں سے 278 گھروں اور ایک تبلیغی مدنی مرکز میں آئسولیٹ ہے جبکہ 21 متاثرین کو کراچی منتقل کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث پانچ افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں۔