شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ،فیاض چوہان

163

لاہور(صباح نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف نیب تحقیقات میں انکشافات کی بنیاد پر انکا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے،سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے حقیقی معنوں میں بدعنوانی اور ٹی ٹی کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا اور ان کے پاس نیب تحقیقات اور شہزاد اکبر صاحب کے سوالات کا کوئی جواب نہیں ، ن لیگی تیس مار خاں اپنے آقا پر بدعنوانی کے الزامات کے جواب میں بغلیں جھانک رہے ہیں۔ ہمیں امید نہیں کہ شہباز شریف مسرور انور خان اینڈ نثار ٹریڈنگ سے ٹرانزیکشنز کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے کرپشن، منی لانڈرنگ کی الگ دنیا بنائی ہوئی تھی اور احتساب کی باری آتے ہی ملک کا اپوزیشن لیڈر بھیگی بلی بن گیا ، شہباز شریف کو ملنے والی کک بیکس کا مکمل ٹریل موجود ہے اور وزیراعظم عمران خان بھی بارہا کہہ چکے ہیں کہ کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف کے خلاف جو شواہد ہیں ان سے بچنا آسان نہیں ۔