لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے نظر محلہ کے مکینوں نے بلدیاتی نظام سے نالاں ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت علاقے میں صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے جہاں پہلے روز علاقہ مکینوں نے ہاتھوں میں جھاڑو اٹھا کر گلیوں کی صفائی کرتے ہوئے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں حسین علی کنبھر، امتیاز جتوئی، آغا ابڑو، ندیم لاہوری و دیگر کا کہنا تھا کہ یونین کمیٹی 6 کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی جانب سے صفائی عملہ موجود ہونے کے باوجود ہمیں نظر انداز کردیا ہے، جس کے باعث علاقے کے تمام گلیوں میں گندگی اور گندا پانی جمع ہوگیا ہے۔ بلدیاتی نظام سے نالاں ہوکر ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم شروع کی ہے تاکہ منتخب نمائندوں کو رحم آجائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ترقیاتی کاموں اور صفائی کے عمل کو جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ انہیں ریلیف مل سکے۔