اسلام آباد(جسارت نیوز) کراٹے کی انٹرنیشنل خواتین کھلاڑی شاہدہ عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کراٹے کی خواتیں کھلاڑیوں کو وسائل فراہم کرے توبین الاقوامی سطح پر مزید میڈلز لا سکتی ہیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں ان خواتین نے ہر سطح پراپنا لوہا منوایا ہے خواہ تعلیم اور معاشیات کا شعبہ ہو، سیاست یا کھیلوں کا میدان ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی نے بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بے پناہ میڈلز حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، گزشتہ سال یکم دسمبر سے 10 دسمبر تک نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں سونے اور چاندی کے دو تمغے حاصل کرنے والی کھلاڑی شاہدہ عباسی نے کہا کہ کراٹے کا کھیل بھی آہستہ آہستہ دنیا میں مقبولیت اختیار کر رہا ہے اور گزشتہ سائوتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے سب سے زیادہ 19 میڈلز کراٹے میں ہی حاصل کئے تھے جن میں چھ سونے، آٹھ چاندی اور پانچ کانسی کے شامل تھے، انہوں نے کہا کہ میرے علاوہ میری دوسری ساتھی خواتین نے بھی میڈلز حاصل کئے ہیں جن میں کلثوم ہزاہ، ثناء کوثر، نرگس، اقراء انور، ناز گل اورصابرہ گل شامل ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنا خوش آئند بات ہے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہونگے اور کھلاڑی مزید زیادہ سے زیادہ محنت کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے، انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے جنہوں نے دن رات کھلاڑیوں کو تربیت دے کر اس اہل بنایا۔