اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری ، سابق وزراء اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو طلب کر لیا۔ جمعہ کو سماعت کے دوران عدالت نے ریفرنس میں ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی۔ ریفرنس میں نیب کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں۔ آصف علی زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی جعلی اکائونٹس کے ذریعے کی۔ آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں۔ آصف زرداری نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کی بجائے خود استعمال کیں۔ نواز شریف 2008ء میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے، نواز شریف کو 2008ء میں بغیر کوئی درخواست دیے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی۔ گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس سے کی۔ انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کرکے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں۔ انور مجید نے آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے۔ عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کولیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کئے، ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے کی ذیلی دفعہ دو، چار، سات اور 12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے۔