سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کی ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بالا سے ملاقات، تجارتی مراکز و مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق، احتیاطی تدابیر اور احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر کاروبار بند ہوسکتا ہے، جس کی ذمے داری تاجر برادری اور مارکیٹ کے صدور پر عائد ہوگی، ڈپٹی کمشنر سکھر۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہر میں تجارتی و کاروباری مراکز میں سندھ حکومت کے احکامات کی روشنی میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں گزشتہ روز سکھر کی تاجر تنظیموں کے رہنماؤں اور ڈپٹی کمشنر سکھر سمیت دیگر حکام بالا کا اجلاس منعقد زیر صدارت ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے جاوید میمن سمیت انجمن تاجران غریب آباد سکھر کے حاجی عبدالستار، سینئر نائب صدر محمد ناصر بندھانی، اعظم خان، جاوید رشنا سینٹر کے منیر میمن سمیت دیگر تجارتی و کاروباری مارکیٹ کے تاجروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تجارتی مراکز و مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا کہ تمام دکاندار اور ان کے ملازم فیس ماسک، جراثیم کش اسپرے، گاہک اور دکاندار کے درمیان اجتماعی فاصلے سمیت تمام ایس او پیز کے پابند ہوں گے۔