لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں کورونا وائرس کے متعلق محکمہ صحت کی نااہلی سامنے آگئی، محکمہ صحت کی مجرمانہ غفلت، قرنطینہ کیے گئے کورونا کے مریضوں کو دو دن میں گھر بھیج دیا، ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او کو اجلاس سے نکال کر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کی زیر صدارت کورونا وبا کے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او لاڑکانہ سید اطہر شاہ سے استفسار کیا کہ آپ نے رتو ڈیرو کے رہائشی کورونا پازیٹو 6 افراد کو بغیر اجازت کے اپنی مرضی سے گھر کیوں بھیجا۔ ڈپٹی کمشنر نے کورونا پازیٹو افراد کو بنا اجازت سیاسی سفارش پر قرنطینہ سے گھر جانے دینے پر ڈی ایچ او پر برہم ہوگئے اور انہیں گیٹ آئوٹ کہہ کر اجلاس سے نکال دیا اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی ہے کہ ایس او پی کے تحت دن مکمل کرنے اور ری سیمپلنگ کے بغیر مریضوں کو قرنطینہ سے گھر کیوں منتقل کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او کو صورتحال کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح ہی قرنطینہ چلانے ہیں تو دوسرے افراد نے کیا گناہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی ایچ او نے جلبانی برادری سے تعلق رکھنے والے کورونا پازیٹو افراد کو قرنطینہ سے گھر جانے کی اجازت دی تھی جبکہ 14 روز کا قرنطینہ مکمل ہونے پر دوبارہ ٹیسٹ میں پازیٹو آنے والے متاثرین کو چھوڑا گیا۔