اسلام آباد( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے اسلام میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر Dr.Christian Turner )سے ملاقات کی اور کورونا کی وجہ سے برطانیہ میں ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کی طرف سے کورونا وباء سےبچائو اور لاک ڈائون میں عوام کو بنیادی ضروریات اور راشن کی فراہمی کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے جماعت اسلامی اور الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کو کورونا سے بچائو اور مستحقین کی امداد کے لیے اپنے ہر طرح کے تعاو ن کا یقین دلایا۔ملاقات میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کشمیر میں 9ماہ سے جاری لاک ڈائون اور بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم کو رکوانے کے لیے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ میں سب سے دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے ۔کشمیر اصلاً برطانیہ کا پیدا کردہ مسئلہ ہے اور اس کے حل کی ذمے داری بھی سب سے زیادہ برطانیہ پر عائد ہوتی ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بھارتی افواج کے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اپنی ذمے داری کو ادا کرنے کو تیار ہے اور ہم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے ہر فور م پر آواز اٹھائیں گے۔سینیٹر سراج الحق نے ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کو برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ پاکستانیوں کے مسائل کو میں اپنے مسائل سمجھتا ہوں اور اپنی حکومت کی طرف سے ان مسائل کے حل کے لیے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔