ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا، چوری میں پکڑے جانے والے چور کو مریض بنا کر سول اسپتال مکلی میں داخل کرادیا گیا، غریب مزدور کی ٹھٹھہ میں صحافیوں سے بات چیت۔ کیٹی بندر کے نزدیک بھابیو شہر کے رہائشی ایک مزدور محمد ایوب ملاح اور دیگر نے ٹھٹھہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات دیر سے محمد ایوب ملاح کے گھر 3 چور چوری کی نیت سے گھسے، ہمارے جاگ جانے پر دو چور فرار ہوگئے، ایک کو گھر والوں نے پکڑ لیا، ایسی اطلاع بگھان پولیس کو دی گئی، پولیس نے جائے واردات پہنچ کر چور محمد کو گرفتار کرلیا۔ مزدور کے مطابق بااثر شخصیت کے کہنے پر پولیس چور کو تھانے کے بجائے بیمار دکھا کر سول اسپتال مکلی لے گئی، جو اسپتال مکلی میں صحت مند ہونے کے باوجود مزے سے بیٹھا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کیس داخل کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن گئے مگر پولیس کیس داخل کرنے کو تیار نہیں، جس کی وجہ سے ہمیں اپنی جانوں کا خطرہ بھی ہے۔ لہٰذا ہماری سیشن جج ٹھٹھہ، ایس ایس پی ٹھٹھہ سے اپیل ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کریں اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔