عراق اور شام کے درمیان ایرانی فوجی اڈے کی سیٹلائٹ تصاویر جاری

147

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز نے عراق اور شام کی سرحد پر ایران کے ایک فوجی اڈے کی سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر نشر کردیں۔ تصاویر میں شام اور عراق کی سرحد پر بنائے گئے امام علی ائربیس کی ایک سرنگ دکھائی گئی ہے۔ یہ سرنگ مبینہ طورپر اسلحہ اور فوجی گاڑیوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی طیاروں نے فوجی اڈے پر فضائی حملے بھی کیے، تاہم ایران نے اڈے کی تعمیر کا عمل دوبارہ شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ایران اب بھی مشرق وسطیٰ میں اپنے ایجنٹوں کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق عالمی سلامتی کونسل نے تہران پر ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع نہ کی تو واشنگٹن ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کرے گا۔ واشنگٹن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تہران اب بھی یمن، شام، لبنان اور عراق میں اپنے ایجنٹوں کو ہتھیارفراہم کررہا ہے۔