اسلام آباد (اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا رمضان المبارک کا مسلسل 20 واں اجلاس جمعرات کو این سی او سی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدرات وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کی۔ فورم کو تمام صوبوں نے اجتماعات، مارکیٹوں اور پرہجوم مقامات کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری ٹویٹ کے مطابق اجلاس کے دوران کورونا وائرس (کوویڈ۔19) کے ممکنہ پھیلاؤ کے تخمینے اور اس وقت کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی نے اسپتالوں میں موجودہ بیڈز، وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولیات کا گہرائی سے جائزہ لیا، صحت سہولیات کے جائزہ کا مقصد ڈیٹا اکٹھا کرنا، اسپتالوں کی صلاحیت معلوم کرنا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ڈیٹا تصدیق شدہ ہونا چاہیے اس کے لیے صوبوں اور اسپتالوں کی انتظامیہ کا اہم کردار ہے، صوبے اور انتظامیہ اس تناظر میں شاندار کام سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشہ روز صوبوں اور اضلاع کی سطح پر کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں، ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنا کر صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔