کورونا وائرس کے باعث پاکستان کا دورہ آئرلینڈ ملتوی

521

کورونا وائرس کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ آئر لینڈ ملتوی کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ دونوں بورڈ کی آپس میں مشاورت کے بعد مشترکہ طور پر کیا گیا، پاکستان کو آئر لینڈ میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا تھے جو 12 اور 14 جولائی کو شیڈول تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ آئرلینڈ کی جانب سے یہ مشترکہ فیصلہ آئرش حکومت کے 10 اگست سے قبل بند دروازوں کے پیچھے بھی میچوں کا انعقاد ممکن نہ ہونے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کا دورہ نیدرلینڈ بھی ملتوی ہوچکا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دورہ آئرلینڈ کے التواء ہونے پردکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ ان مشکل حالات میں کرکٹ آئرلینڈ کے فیصلے کا مکمل احترام کرتےہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب تسلیم کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور مداحوں کی صحت اور حفاظت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔

کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈاٹرم کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو آئرش حکومت کے مرحلہ وار لاک ڈاؤن اٹھانےکے فیصلے کے بعد ان تاریخوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنا ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف آپشنر پر غور کیا تاہم حکومتی قواعد وضوابط، بائیو سیکیورٹی، کورنٹائن سمیت کئی دیگر معاملات کے سبب ہمارے لیےان میچوں کا انعقاد کرنا ممکن نہیں ہے۔