اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سنجیدہ معاملہ ہے، سیاست نہیں ہونی چاہیے، ایوان میں عالمی وبا پر بحث ہونا خوش آئند بات ہے، یکسوئی کے ساتھ مسئلے سے نمٹا جانا چاہیے۔وہ قومی اسمبلی میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور دیگر اراکین کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ جب ایوان میں وبا پر بات ہو اور سیاسی باتیں کرنے سے ہماری توجہ بٹ جائے گی، یکسوئی کے ساتھ مسئلے سے نمٹا جاسکے گا، کورونا وائرس پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے، ایوان میں اس پربحث ہونا خوش آئند بات ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت حیرانی ہوئی جب حکومت نے نہیں بلکہ اسپیکر نے ایک اے پی سی بلائی جس میں بریفنگ دی گئی اور قومی قیادت کو مدعو کیا گیا جس کا مقصد بتایا گیا کہ قومی قیادت مل بیٹھ کر ایک حل نکالے گی۔ وزیراعظم بھی اس اے پی سی میں آئے لیکن تقریر کرکے چلے گئے اور کسی قومی رہنما کی بات نہیں سنی اور وزیراعظم کے اس رویے سے ایک دراڑ آئی ہے۔