کراچی(نمائندہ جسارت)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے حکومت سے وفاقی بجٹ کو کورونا بجٹ میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلاول کا کہنا ہے کہ ہم نے کورونا کے ساتھ معیشت کو بہتر کرنے کے محاذپر لڑنا ہے،ریاست کا فوکس صرف عوام کو تحفظ فراہم کرنے پرہوناچاہیے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ڈیلی ویجرزاورسفید پوش افرادکو بھی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا،ہم کوروناکیخلاف حالت جنگ میں ہیں لیکن فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل تک کو کوئی پیکیج فراہم نہیں کیاگیا،حکومت کی جانب سے کورونا سے متعلق معاشی پیکیج ڈراما ہے، بی آئی ایس پی اورگندم خریداری کو بھی ریلیف پیکیج کاحصہ بنایاگیا،بی آئی ایس پی میں پہلے ہی پیسے تھے، گندم خریداری بھی کرناتھی۔ان کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے لیے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، حکومت کو فوڈ اینڈ سیکورٹی کے لیے مثبت اور پریکٹیکل کام کرنا ہو گا۔