لاڑکانہ شاہد آفریدی فائونڈیشن کا شہیداہلکاروں کے ورثا کو ریلیف پیکیج

192

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاک ڈائون، رمضان المبارک اور عیدالفطر کو مدنظر رکھتے ہوئے مشہور کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی فائونڈیشن کے تعاون سے لاڑکانہ پولیس کے شہیدوں اور وفات پانے والے پولیس افسروں اور جوانوں کے ورثا کو ریلیف پیکیج دیا اور ان سے ملاقاتیں کیں۔ایس ایس پی لاڑکانہ نے شہدائے لاڑکانہ پولیس کی فیملیز سے مسائل دریافت کیے اور بروقت مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے ملک کے نامور کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی کی موجودگی میں شہید اور فوت ہونے والے پولیس ملازمین کی دو سو کے قریب فیملیز کی ویلفیئر اور مالی سہولت مہیا کرتے ہوئے راشن اور تحائف تقسیم کیے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے کہا کہ فرائض نبھاتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوتوں کو کبھی بھلا نہیں سکتے شہداء کی قربانیاں محکمہ پولیس کے لیے مشعل راہ ہیں۔تقریب میں شاہد آفریدی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے اداروں جیسی مراعات محکمہ پولیس کو بھی دی جائیں انہی کی بدولت آج سندھ کی شاہراہیں محفوظ ہیں۔تقریب میں لاڑکانہ کی اہم سماجی شخصیت انورعلی کھوکھر، ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک، اے ایس پی رضوان طارق، اے ایس پی احمد فیصل چودھری اور اے ایس پی محمد عثمان بھی موجود تھے۔