اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ انفرادی ذمے داری ہی اجتماعی صحت، تحفظ اور کووڈ 19 سے بچا ئوکا واحد ذریعہ ہے۔این سی او سی کا 9مئی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے اپنے صوبوں اور علاقوں میں انسداد کورونا وائرس(کووڈ 19)کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے حوالے سے فورم کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔این سی او سی کو بتا یا گیا ہے کہ عید کی وجہ سے بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے، عوام کی سہولت کے لیے لاک ڈائون میں نرمی کی گئی ہے لیکن وبا کے پھیلنے کا خطرہ بدستور موجود ہے، حفاظتی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ انسداد کورونا وائرس ایس او پیز تمام صوبوں کو بھجوائی گئی ہیں، رڈیو، ٹی وی چیلنز، سوشل میڈیا سمیت ہر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مئوثر عوامی آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ صنعتوں اور تعمیراتی شعبے سے متعلق پروٹوکول، مارکیٹوں سمیت ہر شعبے کے لیے جامع ایس او پی بنائی گئی ہیں اور عوام ان سے مکمل آگاہ ہیں۔وفاقی وزیر نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ صوبے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹریز 3 سے4 روز میں طے شدہ ایس او پیز پر 100فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ وبا کا مزید پھیلائو روک سکے۔