شاہ محمود سندھ سے الیکشن لڑیں،ضمانت ضبط کرادینگے،مولا بخش چانڈیو

196

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ جس سندھ نے شاہ محمود قریشی کو محبت دی آج اسی سندھ سے انہیں تعصب کی بو آرہی ہے۔ لگتا ہے کہ وزیر خارجہ کی ذمہ داری بدل کر انہیں قوم کو تقسیم کرنے پر لگایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی وزیرخارجہ نے بدترین سیاسی تقسیم کا مظاہرہ کیا اور سیاسی مقاصد کی خاطر سندھ کے عوام کا دل دکھایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ کے لوگوں کا سیاسی عشق بھٹو ہیں اور ان کا ووٹ بھٹو کے نواسے بلاول زرداری کا ہے۔ قریشی صاحب آپ سندھ آئیں سو بسم اللہ آپ کو اربوں کے نذرانے ملیں گے مگر ووٹ اور سیاسی سپورٹ نہیں ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ یہ وقت کورونا سے لڑنے کا مگر وفاقی حکومت سندھ پر حملے کے پے در پے اعلان کررہی ہے ہم آج پھر کہہ رہے ہیں کہ سیاست تو بعد میں ہوتی رہے گی آئیں کورونا سے لوگوں کو بچائیں انہوںنے کہاکہ بلاول نے قومی اسمبلی میں جو مفاہمت کی پیشکش کی پوری قوم اس کی معترف ہے اگر ہماری نرم مجازی کو کمزوری سمجھا جارہا ہے تو پھر شاہ محمود قریشی سندھ آئیں۔ ہم بھی تیار ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں تو چند ہزار ووٹ لیے تھے آئندہ انتخابات میں ان کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔