کراچی ہمارا ہے،پیپلزپارٹی سندھ کی ٹھیکیدار نہ بنے،شاہ محمود قریشی

185

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ نے سندھ حکومت کے آرڈیننس پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کیا آرڈیننس لا رہی ہے اور آپ بجلی کے بل معاف کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنے والے؟۔کراچی ہمارا ہے،پیپلز پارٹی سندھ کی ٹھیکیدار نہ بنے۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کورونا چیلنج ہے، دینا کہہ رہی ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد دوسرا بڑا بحران کورونا ہے، امریکا اور یورپ کے اپنے ہاتھ پاؤں پھول گئے، سب کی کیفیت آپ کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کورونا کا مقابلہ کریں گے اور اسے شکست دیں گے۔ شیری رحمان کنفیوزن کی بات کی ہے جو درست نہیں، ملک میں کوئی کنفیوزن نہیں ہے۔ پالیسی واضح ہے اور قومی حکمت عملی مرتب کی جاچکی ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا اگر اجلاس بلانے میں ہچکچاہٹ ہوتی تو کیوں بلاتے۔ اجلاس کا مقصد ہے ہم آپ کی گفتگو سنیں، قومی ایمرجنسی ہے اور قومی حکمت عملی بنانی ہے۔ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین خود اس اجلاس کو بلانے کے خلاف تھے، خود پیپلزپارٹی کی قیادت بحث میں رہی کہ اجلاس بلایا جائے یا ورچوئل بلایا جائے۔انہوں نے سندھ حکومت اور آرڈیننس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کہ سندھ ہمارا ہے، اس کے دارالحکومت(کراچی) میں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کی اکثریت ہے، آپ صوبے کے ٹھیکیدارنہ بنیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اندرون سندھ میں کو نسا لاک ڈاؤن ہے؟ مراد علی شاہ کی محنت سے ہرگز انکار نہیں کروں گا۔ گلگت اور آزاد کشمیر نے اچھی محنت کی ہے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں لیکن آج وفاق کی علامت والی جماعت سے سندھ کی بو آرہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ سندھ میں تاجروں سے ان کے مذاکرات ناکام ہوئے، وہاں کے تاجروں نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں پھر انہیں مجبوراً لاک ڈاون کھولنا پڑا۔ ہمارے ملک میں کوئی آمریت نہیں ہے، یہاں لوگوں کو قائل کرنا پڑتا ہے اور ہم ڈنڈے کے زور پر کچھ نہیں کرسکتے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے قائل ہیں اور وہ ہماری ہے۔ واضح کہتا ہوں اٹھارہویں ترمیم کو دفن کرنا ہماری سیاست نہیں، اس کے عمدہ پہلو ہمیں قبول ہیں لیکن ترمیم میں جو مسائل سامنے آئے اس پر بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کیا آرڈیننس لا رہی ہے، آپ بجلی کے بل معاف کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنے والے، سندھ کے ساتھ ہرگز امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جا رہا۔ اس کو آبادی کے تناسب سے زیادہ سامان دیا۔ سندھ کے ساتھ نہ زیادتی ہوئی ہے نہ کریں گے۔ جیسے پنجاب میں لوہا منوایا اب سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، تیاری کرلو۔