لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہبازشریف نے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور سفیر پال جونز کو جوابی خط ارسال کر دیا ۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے مہینے کی مبارکباد پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے میں آپ کی قابل قدر اور مثبت کردار کو سراہتے ہیں ۔کورونا کے خلاف ہماری مشترکہ جنگ میں امریکی تعاون قا بل تحسین ہے ۔امریکا کے ساتھ پاکستان کے طویل المدتی معاشی تعاون کے خواہاں ہیں۔کورونا وبا سے امریکا میں 80ہزار سے زاید قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ امید ہے کہ دنیا بھر کے انسانوں کو کورونا وبا سے جلد نجات مل سکے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی فکر مندی اور فراخدلی لائق تحسین ہے۔شہبازشریف نے امریکی سفیر اور ان کے اہل خانہ کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا بھی اظہارکیا۔