صورتحال اچھی نہیں‘ احتیاط نہ کی گئی تو دوبارہ پابندیاں لگادیں گے‘ اسد عمر

380

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام نے کورونا سے بچائو کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کیے تو بندشیں دوبارہ لگائی جاسکتی ہیں۔ ٹائیگر فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام لاک ڈائون میں نرمی میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہیں کر رہے‘ عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے ہرممکن اقدام کیے جارہے ہیں‘ اگر عوام نے حفاظتی اقدامات کو ملحوظ خاطر نہ رکھا تو لاک ڈائون مزید سخت کیا جاسکتا ہے لہٰذا عوام سے ایک بار پھر گزارش ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرکے اپنے آپ ،اپنے بچوں، عزیز و اقارب اور دوسروں کو کورونا وائرس کی وبا سے بچائیں۔ ٹائیگر فورس کے لوگ جب شہریوں کی حفاظت اور مدد کے لیے باہر نکلیں تو خود بھی حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں اور لوگوں کو بھی اس کی ہدایت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ شاید عوام یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ کورونا ہی ختم ہوگیا ہے ‘ یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ کورونا ختم نہیں ہوا ہر شہری کو اپنی حفاظت خود کرنی ہے۔ دریں اثنا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانیکے لیے تمام صوبوں کو طے شدہ گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے وزارت صحت کو ہدایات دی ہیں کہ وہ کووڈ۔19 کے عدم پھیلاؤ کے لیے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور صحت عملے کی تربیت کے عمل کو مزید فعال بنائے۔ منگل کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے ہدایت دی کہ تمام وزارتیں اور ادارے کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ سے متعلق حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لینے کے بعد ڈرافٹ تیار کر کے این سی او سی کو پیش کریں تاکہ ان کی روشنی میں نئی حکمت عملی کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔