صوبائیت کا الزام‘ بلاول نے شاہ محمود سے معافی یا استعفے کا مطالبہ کردیا

406

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سندھ کارڈ کھلنے کا الزام لگانے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اپنابیان واپس لینے یا استعفا دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کہ شاہ محمود قریشینے اپنا سیاسی لوہا کیسے منوایا، ہمیں مجبورنہ کریں کہ ہم بتادیں کہ کس نے آپ کو وزیراعظم بننے کا خواب دکھایا،شاہ محمود آپ نے ہماری جماعت کیوں چھوڑی ہمیں سب پتا ہے، آپ اب بھی تحریک انصاف یا عمران خان کا نہیں اپنا سیاسی لوہا منوانے کی کوشش کررہے ہیں۔بلاول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقدامات سے کسی غریب پاکستانی کو فائدہ نہیں پہنچا،انہوں نے وبا کے دور میں غریب کا نہیں سرمایہ دار کا تحفظ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمے دارانہ طریقے سے عوام کی زندگی بچانی ہے، اشرافیہ لاک ڈاؤن اٹھانے کا مطالبہ کررہی ہے اور عمران خان نے غریب کو استعمال کرکے اشرافیہ کوفائدہ پہنچایا ہے۔عمران خان ملک کے صنعت کاروں کے مطالبات پر چل رہے ہیں، وہ کتنے ٹریڈ یونینز والوں سے ملے؟ موجودہ دور میں کسی کو ریلیف ملا تو انیل مسرت یا عمران خان کی اے ٹی ایمز کو ملا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا 18 ویں ترمیم کام کرنے میں رکاوٹ نہیں ہے،سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ وباسے لڑنے والے کنٹریکٹ ملازمین کومستقل کیاجائے،اگرپاکستان میں تعمیراتی شعبے اور رئیل اسٹیٹ کو ریلیف مل سکتاہے تو شعبہ صحت پر بھی مناسب توجہ دی جائے۔اپنے والد آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ ان کاعلاج چل رہا تھا اب ان کی صحت بہت بہتر ہے، انہیں شوگر اور دیگر ایشوز ہیں اس لیے وہ آرام کر رہے ہیں۔