اسلام آباد (اے پی پی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کووڈ۔19کی عالمی وبا کے پیش نظر ٹرین سروس معطل ہونے سے ہر ماہ 5 ارب روپے کا نقصان برداشت کر رہی ہے۔ پیر کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے آئندہ چند دنوں میں عیدالفطر سے قبل محدود بوگیوں کے ساتھ 30 ٹرینیں چلانے کا ممکنہ طور پر پلان بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کم آمدنی والے لوگوں کیلیے سفر کا سستا اور آرام دہ ذریعہ ہے اور معاشرہ کے غریب طبقات کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے مسافروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر ٹرین سروس کی معطلی جاری رہی تو پاکستان ریلوے کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہوجائے گی۔