اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ میں نے جوانی کے کئ سال پیپلز پارٹی میں گزارے جو ہمیشہ وفاق کی بات کرتی تھی آج اس پارٹی میں صوبائی تعصب کی بو آتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ میں صوبوں کو اضافی فنڈز مل رہے ہیں،ہماری سوچ علاقائی نہیں قومی ہے، آج وقت آ گیا ہے کہ ہم بحیثیت پاکستانی بن کر سوچیں اور صوبائی کارڈز سے اجتناب کر یں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور کیلئے 50 ارب روپے مختص کئے ہیں – سندھ میں موجود تمام یوٹیلیٹی اسٹورز بھی اس سے مستفید ہوں گے، بجلی کے بلوں کی مد میں دی جانے والی رعائیت سے 40 ہزار صنعتوں کو فایدہ ہو گا، وفاق کی جانب سے سندھ کے ساتھ نارواسلوک کا الزام درست نہیں، ہم جانتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد بہت سے اختیارات صوبوں کو تفویض ہو چکے ہیں ہم صوبائی خود مختاری کی تعظیم کرتے ہیں۔