دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے قریب پی ٹی آئی کے یونین کونسل موندر کے کونسلر امتیاز شاہانی کی جلی ہوئی لاش گاؤں کے قریبی قبرستان سے برآمد، اطلاع پر ورثا اور حدود کی پولیس قبرستان پہنچ گئی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر تھانے منتقل کیا، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، متوفی کونسلر کے بھائی کے مطابق بھائی کسی سے ملنے کے لیے گھر سے نکلا تھا، پڑوسیوں کی اطلاع پر قبرستان پہنچے تو دیکھا کہ بھائی کی جلی ہوئی لاش پڑی تھی۔ دوسری جانب پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے قبل کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، حدود کی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔