سکھر،کچی شراب تیارکرنے والوں کیخلاف کارروائی،5 گرفتار

243

سکھر( نمائندہ جسارت)اے ایس پی سکھر کی دوسرے روز بھی کچی شراب تیارکرنے والوں کے خلاف کامیاب کارروائی، سکھر کے سائٹ ایریا میں چھاپے کے دوران کچی شراب سے بھرے 6ڈرم برآمد کچی شراب بنانے والے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب5ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کھوسہ گوٹھ میں پولیس پکٹ قائم۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی ہدایت پر اے ایس پی UT سکھر ظفر صدیقی کی جانب سے بھاری پولیس جمعیت کے ہمراہ سکھر تھانہ سائٹ ایریا کی حد کھوسہ گوٹھ میں قائم کچی شراب بنانے والی بھٹی پر چھاپا مار کر کچی شراب سے بھرے 6 ڈرم اور شراب کی تیاری میں استعمال آلات اور دیگر سامان تحویل میں لے لیے جبکہ پولیس کارروائی کی قبل از وقت خفیہ اطلاع ملنے پر شراب بنانے والی بھٹی میں موجود منشیات فروش پولیس کی آمدسے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ضلع پولیس کی جانب سے 5 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ کھوسہ گوٹھ میں منشیات فروشی کی روک تھام کے لیے پولیس پکٹ بھی قائم کردی گئی ہے۔ واضح رہے اے ایس پی UT سکھر ظفر صدیقی کی جانب سے دو روز کے دوران یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، جس میں ضلع سکھر کے روہڑی کے تھانہ پٹنی اور سکھر کے سائٹ ایریا تھانے کی حد میں کچی شراب کی دو بھٹیوں سے کچی شراب بڑی مقدار میں برآمد کی گئی۔ دوسری جانب شہریوں میں یہ بھی تاثر پایا جاتا ہے کہ ضلع سکھر کے مختلف تھانوں کی حدود میں کچی شراب کی بھٹیوں کی موجودگی اور مضر صحت کچی شراب کی تیاری اور فروخت کا سلسلہ کافی عرصہ سے جاری ہونے کے باوجود متعلقہ تھانوں کے تھانیداروں کی جانب سے ان مضرصحت شراب تیار کرنے والے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی میں تاخیر کیوں کی گئی۔