سکھر،احساس پروگرام کے تحت رقم وصول کرنے والوں کو پولیس لوٹنے لگی

203

سکھر( نمائندہ جسارت) احساس پروگرام کے تحت رقم حاصل کرنے والے شہریوں کو پولیس اہلکار لوٹنے لگے، قطار اور انتظار سے بچ کر احساس پروگرام کی رقم حاصل کرنے کے لیے پولیس اہلکاروں نے ریٹ مقرر کردیے، احساس پروگرام کے تحت پیسے وصول کرنے والے مرد حضرات سے ایک ہزار روپے سے 15 سو روپے تک وصول کرنے کا انکشاف، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران مذکورہ واقعے سے لاعلم ، غریب شہری پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں میں لوٹنے پر مجبور۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت غریب اور مستحق افراد میں 12ہزار روپے تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر سکھر کی جانب سے رقم وصولی کے لیے سرکاری اسکولوں میں سینٹرز قائم کیے گئے تھے، جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں خواتین کو اقساط فراہم کی گئیں، اب دوسرے مرحلے میں احساس پروگرام کے تحت ایس ایم ایس موصول ہونے والے افراد مرد و خواتین کو ان ہی سینٹرز میں 12ہزار روپے دیے جارہے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر افسران کی وقتاً فوقتاً جانچ پڑتال اور دوروں نے مستحق خواتین میں ملنے والے 12 ہزار روپے میں کسی قسم کی کوئی بھی کٹوتی نہیں کی جارہی تھی، لیکن اب احساس پروگرام کے تحت 12ہزار روپے وصول کرنے والے مردوں سے سینٹروں میں تعینات پولیس اہلکاروں نے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں، جس کے تحت آنے والے افراد کو انتظار اور قطار میں کھڑے کیے بغیر فی الفور پیسے دلوادیے جاتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ فی الفور پیسے دلوانے کے لیے اہلکار فی مرد ایک ہزار سے 15 سو روپے وصول کررہے ہیں، جس سے ڈپٹی کمشنر آفس کا عملہ مکمل لاعلم ہے، جبکہ غریب مستحق افراد پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں، غریب و مستحق افراد نے کمشنر سکھر ، ڈپٹی کمشنر سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے مذکورہ عمل کا نوٹس لیتے ہوئے رقم میں سے پیسے بٹورنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔