اقوام متحدہ جوہری معاہدہ توڑنے پر امریکا سے جواب طلب کرے‘ ایران

280

تہران (آن لائن) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکا کی جوہری معاہدے سے دستبرداری کے 2 سال مکمل ہونے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے وہ امریکا سے اس کا جواب طلب کرے۔ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جواد ظریف نے کہا کہ امریکا کی جانب سے جے سی پی او اے سے دستبرداری کے2 سال مکمل ہونے پر میں انتونیو گوتریس پر زور دیتا ہوں کہ اپنے وعدوں کی خلاف ورزی اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دینے پر امریکا سے حساب لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہٹ دھرمی سے اقوام متحدہ کی ساکھ خراب ہو رہی ہے اور عالمی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے نام طویل خط میں امریکا کی معاہدوں سے رو گردانی اور ایران کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات ہر ایک پر واضح ہے کہ امریکا کے غیر قانونی کام بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کو نظر انداز کرنے کا عمل ہے، جس سے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔