فیصل آباد: پیپلزکالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 افراد ہلاک

178

فیصل آباد (آن لائن) فیصل آباد کے علاقے پیپلزکالونی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے، ڈولفن فوس نے چاروں نوجوانوں کو ڈکیت قرار دیتے ہوئے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 افراد نے تھانہ پیپلزکالونی جھنگ بازار اور رضا آباد میں شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ پولیس کے پہنچنے قبل فرار ہوگئے، بعد ازاں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ نڑوالا روڈ پر ڈولفن فورس پر فائرنگ کرتے ہوئے مرضی پورہ کی طرف بھاگے تو ڈولفن فورس نے تعاقب شروع کردیا۔ چوکی اچکیرہ امین پور کے قریب ڈولفن فورس اور مسلح ڈاکوئوں کا آمنا سامنا ہوگیا تو موٹرسائیکل سواروں نے ڈولفن فورس پر فائرنگ جاری رکھی تاہم جوابی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے چاروں ڈاکو لہولہان ہوکر گر پڑے۔ 3 ڈکیت موقع پر مارے گئے جبکہ چوتھے زخمی ڈاکو کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے مرنے والے ڈاکوئوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال پہنچا دیں تاہم مرنے والے مبینہ ڈاکوئوں کی شناخت نہ ہو سکی ہے۔