عید سے قبل ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے‘ شیخ رشید کا کرایوں میں کمی کا اعلان

211

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر ٹرین آپریشن کی بحالی کے لیے اپنا کیس نظر ثانیکے لیے پیش کرنے جا رہا ہوں‘ امید ہے کہ عید الفطر سے قبل ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ جس دن آٹا، چینی سے متعلق فرانزک رپورٹ آئی اُس دن وزیر اعظم عمران خان ایکشن لیں گے‘ یہ پروپیگنڈا ہے کہ کوئی ایکشن نہیں ہوگا ‘کورونا وائرس کے بعد ورلڈ آرڈر تبدیل ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیب شہباز شریف سے جو بھی سوال پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں میں کاغذ لندن میں بھول آیا ہو ں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ا ب انہیں لندن جانے کی اجازت ملے گی‘ نیب کو ٹارزن بنتے دیکھ رہا ہوں اب بھی نہ بنا تو اپنی اہمت کھو دے گا‘عید کے بعد حکومتی رہنما بھی نشانے پر آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین دونوں ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں اور یہ سنجیدہ ہوتے جا رہے ہیں‘ پاکستان جغرافیے کا سب سے اہم ملک ہے اور اس کی ذمے داریاں بڑھنے جارہی ہیں‘ ایسے حالات میں بھارت شرار ت کر سکتا ہے‘ اس نے کشمیر میں دوبارہ آگ لگانا شروع کر دی ہے جبکہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں بھی مسلمانوں کا جینا مشکل کردیا گیا ہے‘ کشمیر کے حالات پاکستان اور بھارت کے درمیان چھوٹے بڑے تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔ ا نہو ں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی خود کمیشن کے پاس گئے ہیں اور وہ صرف معلومات دینے گئے ہیں‘ میں امید رکھتا ہوں کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کی 22 سے 25 ارب کی لوٹ مار کی بھی معلومات دیںگے۔ شیخ رشید احمدنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کے بعد ٹرین کے کرایوں میں10 فیصد کمی ہے جس سے فی ویگن کنٹینر کرائے میں5 ہزار کمی ہوئی ہے اور اس کا آج 10مئی سے اطلاق ہو جا ئے گا‘ جب بہت سی انڈسٹریز کھل گئی ہیں تو ٹرین آپریشن بحال نہ ہونے سے ان کی صلاحیتیں متاثر ہوں گی۔