سکھر، پھل اور سبزی کے نرخوں میں اضافہ ،شہریوں کی قوت خرید متاثر

137

سکھر (نمائندہ جسارت) مضان المبارک کے مقدس ایام میں بھی پھل اور سبزی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ،شہریوں کی قوت خرید جواب دے گئی ،سبزی و فروٹ فروشوں نے قیمتیں کئی گنا بڑھاتے ہوئے حکومت کی جانب سے کارروائی کے کھوکھلے دعوئوں کو روندھ دیاہے۔ سیب، خربوزہ، تربوز، کیلا سمیت اسٹاربری وغیرہ کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ جاری ہے جبکہ سبزیوں میں پیاز، آلو، کریلا، بھنڈی اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 25 روپے از خود اضافہ کردیا گیا ہے۔ 200 روپے فروخت ہونیوالی کھجور 300 روپے جبکہ 250 روپے فی کلو فروخت ہونیوالی کھجور 500 روپے تک جاپہنچی ہے، اسی طرح بالترتیب خورونوش کی دیگر اشیا آٹا، تیل، گھی، دالوں کی قیمتوں میں بھی 10 سے 15 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ مہنگائی کی صورتحال کے حوالے سے غریب محنت کشوں کا کہنا ہے کہ باقی ممالک میں اسلامی تہوار امیں اشیا خورونوش سستی کردی جاتی ہیں مگر پاکستان میں ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے خودساختہ مہنگائی کر کے روزہ داروں کو لوٹا جاتا ہے، جیسے ہی رمضان کی مقدس گھڑیاں شروع ہوتی ہیں تو مفاد پرست عناصر رحمتوں، برکتوں کے مبارک مہینے میں شہریوں سے دعائیں لینے کے بجائے لوٹ مار کا بازار گرم کردیتے ہیں۔ شہر کی سماجی، مذہبی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے رہنمائوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، ڈپٹی کمشنر، میئر سکھر، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی و دیگر سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کے ایام میں اشیا خورونوش کی قیمتوں کے نرخوں میں کمی کے جائے اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ شہر کے ساتھ دیہات، قصبوں میں رہنے والے غریب و سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی رمضان کی خوشیوں و حکومتی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔