گلگت (آن لائن) گلگت بلتستان اسمبلی نے جبری مشقت اور پابند مزدوری بل 2019ء کی متفقہ طور پر منظور ی دیدی۔ وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ نے ایوان میں بل پیش کیا جس کی تمام ارکان نے منظوری دیدی، وزیر قانون نے گلگت بلتستان میں تمباکو نوشی پر پابندی کا بل 2020ء بھی پیش کیا جس کی بھی منظوری دیدی گئی۔ پابند مزدوری بل کے تحت جبری مشقت پر زیادہ سے زیادہ ایک سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔ تمباکو پر پابندی کا بل گزشتہ روز پیش کیا گیا تھا جسے اسپیکر نے سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کیا تھا، سلیکٹ کمیٹی نے بل کے تمام مندرجات کی حمایت کر دی ، جمعرات کے روز وزیر قانون نے سلیکٹ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد بل کو منظور کر لیا گیا۔