نوابشاہ،نماز جمعہ کی ادائیگی پر پولیس کی چڑھائی،امام مسجد زیر حراست

186

نواب شاہ ( بیورورپورٹ) نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر مسجد میں پولیس کی چڑھائی ۔پیش امام کو حراست میں لینے پر علاقے میں شدید اشتعال۔ صورتحال تشویشناک ہونے پر رینجرز طلب۔ تفصیلات کے مطابق منوآباد میں قائم جامع مسجد طوبی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جا ری تھی کہ پولیس اہلکاروں نے مسجد کے پیش امام قاری عبداللہ سے بد سلوکی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ۔جس پر نمازیوں اور اہل علاقہ میں شدید اشتعال پھیل گیا اس دوران مشتعل افراد نے ایک پولیس اہلکار کو گھیرے میں لے کر یرغمال بنا لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر یرغمال پولیس اہلکار کو آزاد کروالیا ،جسکے رد عمل میں مشتعل عوام نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔ دونوں جانب سے گھمسان کا ردعمل سامنے آنے بعد صورتحال کو پولیس کے کنٹرول سے باہر ہوتا دیکھ کر رینجرز کو طلب کر لیا گیا ۔رینجرز اہلکاروں نے بمشکل تمام صورتحال پر قابو پایا ۔اطلاع کے مطابق پتھراؤ کے نتیجے میں پولیس و متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔پولیس نے مسجد کے پیش امام کو حراست میں لے کر تھانہ ائر پورٹ منتقل کر دیا جبکہ علاقے کو رینجرز و پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔ ادھر ڈی ایس پی مبین احمدپڈھیار نے جسارت کو بتایا کہ صورتحال پوری طرح کنٹرول میں ہے جبکہ زیر حراست پیش امام کو چھوڑ دیا گیا ہے۔