نوابشاہ (سٹی رپورٹر) شہر میں بڑے جانور کا گوشت اور مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا ضلعی انتظامیہ گوست کے مقرر کردہ نرخ پر عمل کروانے میں ناکام شہریوں کی چیخیں نکل گئیں۔ سرکاری نرخ کے مطابق بڑے جانور کا گوشت 400 روپے فی کلو فروخت کرنے اور مرغی کا گوشت بھی مقررہ نرخ سے زائد 300 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ مچھلی کے نرخ بھی اپنے ہی متعین کردہ ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف اشیا خورونوش کی قیمتوں کو برقرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ نکام ہوئی ہے تو دوسری جانب سبزی پھل اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اگرچہ ایک طرف لاک ڈائون کی وجہ سے کاروبار ختم ہوگیا ہے لیکن رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گوشت مافیا نے جو ریٹ بڑھا رکھے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں مقدس ایام کا بھی خیال نہیں رکھا جاتا بلکہ عوام کی جیب پر نظر رکھنے والا مافیا تمام تر اخلاقیات سے عاری ہو کر لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ شہریوں نے اس سلسلے میں مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر شہید بے نظیر آباد مختلف چیزوں پر چھاپے مارے ہیں لیکن پھر بھی قیمتوں میں اضافہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا جبکہ ضلعی انتظامیہ روز کی بنیاد پر دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کررہی لیکن یہ جرمانہ اگلے دن عوام کی جیبوں سے دکاندار وصول کرلیتا ہے۔