ٹڈی دل کے حملوں پر قابو پانے کیلیے وفاق مدد کرے، بلاول زرداری

181

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ملک میں ٹڈی دل کے حملوں پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت سے بلاتاخیر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت کے مشترکہ اجلاس میں طے شدہ ایکشن پلان پر عملدرآمد میں تاخیر زراعت کے ساتھ ساتھ ملک کی معیشت کے لیے بھی خطرناک ہوگا۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین ہونے والے اجلاس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کم سے کم 12 طیارے کرائے پر حاصل کیے جائیں گے، جن کے ذریعے بلوچستان کے ان علاقوں میں اسپرے کیا جانا تھا، جو ٹڈیوں کے داخلی راستہ ہیں لیکن وفاقی حکومت بلوچستان میں مطلوبہ تعداد میں طیارے استعمال کرنے کے بجائے صرف ایک طیارے اور 3 ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسپرے کیا جا رہا ہے، جو بڑی تعداد میں موجود ٹڈیوں کو کنٹرول نہیں کرسکیں گے۔ بلاول زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈیوں کے دل سندھ کے اضلاع کشمور، لاڑکانہ، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں بھی داخل ہو چکے تھے۔ اس وقت مذکورہ ٹڈی دل سندھ ، پنجاب اور یہاں تک کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں تک جانے سے قبل بھارت کے صحرا میں چلے گئے جہاں ان کی بریڈنگ کے لیے ماحول زرخیز ہے۔