اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کے سیکرٹری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ عدالتی حکام نے بتایا کہ چیف جسٹس کے سیکرٹری اسد کھوکھر نے 4 مئی اور 6 مئی کو ٹیسٹ کرائے جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ عدالتی حکام کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے سیکرٹری کا دفتر سیل کردیا گیا اور اسد کھوکھر کو رضاکارانہ طور پرگھر میں علیحدگی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالتی حکام نےمزید بتایا کہ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے سیکرٹری بخارکے باعث چند روز سے دفتر نہیں آرہے تھے۔ عدالتی حکام کے مطابق چیف جسٹس اطہرمن اللہ سمیت دیگر ججز کے بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم 25 ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈسپنسری پہنچ گئی جہاں ملازمین کے مرحلہ وار ٹیسٹ کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔