دادو (نمائندہ جسارت) دادو تحصیل کے 50 سے زائد دیہات میں سوئی گیس کی مصنوعی لوڈشیڈنگ کیخلاف دیہاتیوں عادل بھنڈ، وسیم لونڈ، محرم پیچوہو، لقمان بوک اور دیگر کی سربراہی میں سوئی گیس انجینئر قمرالدین سرھیو اور دیگر کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر اور دیگر سوئی گیس عملے کو عید خرچی نا دینے پر ہمارے پچاس سے زائد دیہات کی سوئی گیس سکندر سی این جی کے قریب مصنوعی لگائے گئے وال سے سارا سارا دن بند کرنا روز کا معمول بن گیا ہے۔ متاثرہ دیہات میں گاؤں فتح محمد زئونر، پیچوھا، مینہوں خان بھنڈ، بوک باریجا سمیت دیگر گاؤں شامل ہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی سوئی گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے، سحری اور افطاری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم کئی دنوں سے سوئی گیس انجینئر کے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں اور انجینئر ملنے کے لیے بھی تیار نہیں ہے اور اسٹاف سوئی گیس فراہم کرنے کے لیے ہر میٹر پر 5 سو روپے بھتا مانگ کر سوئی گیس فراہمی کا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کرپٹ انجینئر قمرالدین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنا کر بے چینی دور کی جائے۔