اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے عید سے قبل ٹرینیں چلانے کا عندیہ دیدیا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 10 مئی کو ٹرینیں چلانے کیلیے تمام صوبوں کی حمایت حاصل نہ ہوسکی ،توقع ہے کہ وزیر اعظم کی اجازت سے عید سے قبل ٹرین چلانے میں کامیاب ہوں گے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے، دکانداروں نے، کارخانہ داروں نے اور علمائے کرام نے حکومت کے لاک ڈاؤن کا ساتھ دیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ خواہش تھی کہ 10 مئی سے ٹرینیں بھی چلا دیں لیکن اس فیصلے پر ہم تمام صوبوں کی حمایت حاصل نہیں کر سکے اور عمران خان نے بطور جمہوری وزیر اعظم مشاورت کے لیے اس فیصلے کو مزید 2 سے 3 دن ملتوی کردیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ غریب کیسواری ٹرین کو عید سے قبل دوبارہ چلایا جائے اور ہم وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے جو معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) میں شامل ہیں اور توقع ہے کہ عید سے قبل عمران خان کی اجازت سے ہم ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا پوری طرح اتفاق نہیں ہوسکا، ٹرانسپورٹ کھلنے کا عوام کو فائدہ ہوگا، صوبوں سے کہا کہ اپنے فیصلے خود کریں۔