سہون، دادو سے کراچی منتقل کی جانے والی گندم کی 4 ہزار بوریاں برآمد

232

سہون (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر سہون نور احمد کہڑو اور ڈی ایس پی بشیر احمد کھونہارو کی سربراہی میں انڈس ہائی وے پر کارروائی، دادو سے کراچی غیر قانونی گندم منتقلی کی کوشش ناکام بنادی گئی، گندم کی 4 ہزار بوریاں برآمد کرلی گئیں۔ گندم سرکاری فوڈ گودام پر اتراوا دی گئیں، مالکان کو گندم کی رقم ادا کی جائے گی۔ سندھ حکومت نے گندم کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع منتقلی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سہون پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر سہون نور احمد کہڑو کے ہمراہ ڈی ایس پی سہون بشیر احمد کھونہارو کی نگرانی میں انڈس ہائی وے پر چیکنگ کے دوران دادو سے کراچی منتقل کی جانے والی 4 ہزار گندم کی غیر قانونی بوریاں تحویل میں لے کر سہون کے مقامی فوڈ گودام میں جمع کرادی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سہون نے بتایا کہ سندھ حکومت کی خصوصی ہدایات پر گندم کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں نقل مکانی کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے گندم کی نقل مکانی پر کڑی نگرانی کی جارہی ہے، ہم نے گزشتہ دن سے مختلف اوقات میں 10 سے زیادہ ٹریلر سے 4 ہزار گندم کی بوریاں برآمد کی ہیں، جن کی رقم سرکاری طور پر گندم مالکان کو ادا کی جائے گی۔