ایل این جی کیس، شاہد خاقان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

131

اسلام آباد( آن لائن )ایل این جی کیس میں نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں جس کی بنیاد پر عید کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ احتساب عدالت میں اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی۔شاہد خاقان عباسی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کے تفتیشی آفیسر ملک زبیر نے سابق ایم ڈ پی ایس او شاہد الاسلام سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم بیرون ملک جان بوجھ کر روپوش ہوا ہے۔ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ کیس میں کچھ مزید شواہد سامنے آئے ہیں جس کی بنیاد پر عید کے بعد ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ٹرمینل ٹھیکے کے بعد شاہد خاقان عباسی کے فیملی اکائونٹس میں اربوں روپے آئے اس لیے بیٹے اور دیگر فیملی ممبران کیخلاف ثبوت بھی ریفرنس میں شامل ہوںگے۔ یاد رہے یکم کو ہونے والی احتساب عدالت میں ایل این جی ٹھیکے ریفرنس کی سماعت سات مئی تک ملتوی کر دی گئی تھی ۔ بدھ کو جج انسداد دہشت گردی عدالت شارخ ارجمند نے بطور ڈیوٹی جج سماعت کی۔ دور ان سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔شاہد خاقان عباسی ضمانتی مچلکے جمع کرانے اسلام آباد ہائیکورٹ بھی پہنچے ،اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہد خاقان عباسی کو چار ہفتوں کی راہداری ضمانت دے رکھی تھی ۔احتساب عدالت کراچی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر شاہد خاقان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔دریں اثناء سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے لیکن حکومت اس وقت غربت سے لڑنے کے بجائے صوبوں سے لڑرہی ہے۔عمران خان کی پالیسیوں نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے۔ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں ہاں اختلافِ رائے ضرور ہوتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانا شہباز شریف کا حق ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہی ہیں۔قومی احتساب بیورو (نیب) سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے مسلم لیگ ن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کر لیں۔انہو ں نے کہا کہ حکومت بہانے کرتی رہی ہے ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بنا سکا، ہمیں اب تک یہ بھی نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے۔ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے اور اس صورت حال میں حکومت کو غربت سے لڑنا چاہیے لیکن یہاں وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔