نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے، شاہد خاقان عباسی

468

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے اور وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے، ملک کو اکٹھا کرنا وزیراعظم کا کام تھا لیکن انھوں نے تقسیم کرکے رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے، ہمیں اب تک نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے، ایل این جی کیس کو 2 سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بناسکا جبکہ ہم نے نیب ترامیم حکومت کو بھجوا رکھی ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں فیس دیکھے جاتے ہیں کیس نہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے، اب فیس بدل رہے ہیں، کیس تو یہاں ہے نہیں، ہم حاضر ہیں بھگتنے کیلئے لیکن یہ نہیں بھگت سکیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ نیب سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے، موجودہ حکومت ہی جعلی ہے، حکومت چل نہیں رہی اور مسلم لیگ ن کے اندر کوئی اختلاف نہیں، اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے۔

دوسری جانب ایل این جی ریفرنس کیس کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فردِ جرم کی کارروائی سے پہلے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی مہلت مانگ لی تاہم احتساب عدالت نے نیب کو 11 جون تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔