ایران میں قید آسٹریلوی ماہرتعلیم کی خودکشی کی کوشش

545

تہران : ایران کی جیل میں قید میلبرن یونیورسٹی کی خاتون پروفیسرکیلی مور گلبرٹ نے خود کشی کی کوشش  کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کی جیل میں قید میلبرن یونیورسٹی کی خاتون پروفیسرکیلی مور گلبرٹ نے خود کشی کی کوشش  کی ہے وہ ایران میں جاسوسی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا بھگٹ رہی ہیں ۔

ایران میں انسانی حقوق کے کارکن رضا خاندان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ “ایوین جیل سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کیلی مور گلبرٹ نے تین مرتبہ خودکشی کی کوشش کی ہے”۔

انسانی حقوق کے کارکن کا مزید کہنا تھا کہ کیلی مور گلبرٹ کو قید تنہائی میں رکھا جارہا ہے جبکہ حکام نےانھیں دوسری قیدی خواتین کے ساتھ وارڈ میں منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمبرج یونیورسٹی کی تعلیم یافتہ پروفیسر کو ناقابل برداشت حالات میں جیل میں رکھا جارہا ہے، انھیں دوسرے قیدیوں کے ساتھ ابلاغ کی اجازت نہیں ہے۔وہ جیل کے اسٹور سے کوئی خریداری کرسکتی ہیں اور نہ انھیں کوئی شکایتی خط لکھنے کی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی نژاد آسٹریلین ڈاکٹر کیلی مور گلبرٹ مشرق وسطیٰ امور کی ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ میلبورن یونیورسٹی میں اسلامی علوم کی پروفیسر بھی ہیں ۔

یاد رہے کہ رضا خاندان ایران کی انسانی حقوق کی معروف خاتون وکیل نسرین ستودہ کےشوہر ہیں، ان کی اہلیہ کومجموعی طورپر 38 سال قید کی سزا اور 148 کوڑوں کی سزا سنائی گئی تھیں۔