اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں کورونا وبائی صورتحال اور اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلیے حکومتی حکمت عملی اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پوری دنیا کورونا وبا کی وجہ سے غیر معمولی صورت حال کا شکار ہے ۔دنیا ممکنہ عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان جیسی ترقی
پذیر معیشتوں کا معاملہ انتہائی تشویشناک ہے۔دوران ملاقات، اقتصادی سفارت کاری اور دفاعی پیداوار کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کے، کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلیے گلوبل ڈیٹ ریلیف مطالبے کو سراہتے ہوئے اسے موجودہ وبائی تناظر میں ناگزیر قرار دیا۔